جے آئی ٹی رپورٹ کی باتیں جعلی ہو سکتی ہیں، فیصل صالح حیات


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل صالح حیات نے کہا کہ یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ یہاں مفروضوں کی بنیاد پر باتیں کی جاتی ہیں، الزامات ثابت ہونے کا انتظار تک نہیں کیا جاتا۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ایک تفتیشی ادارہ ہے، اس نے اپنی تفتیش کر دی، اب یہ بھی تو دیکھنا ہے کہ انہوں نے ٹھیک تفتیش کی یا نہیں، ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں لکھی گئی باتیں جعلی ہوں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک بچہ پارٹی ہے، ہر حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ ان کی حکومت آرام سے چلے تا کہ وہ اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد کرا سکیں، یہ واحد حکومت ہے جو کہتی ہے آ بیل مجھے مار۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے بہت وعدے کیے لیکن ابھی تک کچھ ڈلیور نہیں کر سکی، یہ لوگ یو ٹرن لینے میں ماہر ہیں۔

جے آئی ٹی رپورٹ ہم نے نہیں بنائی، عامر محمود کیانی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامرمحمود کیانی نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران پر جو مقدمات بنے ہوئے ہیں وہ تحریک انصاف کی حکومت آنے سے پہلے سے ہیں، جے آئی ٹی کی رپورٹ ہم نے نہیں بنائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام آنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان لوگوں کو جیل میں ڈال دیا جائے گا، یہ صرف اس لیے کیا گیا تا کہ کسی بھی فرد کے ملک سے باہر جانے کے باعث تحقیقات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اپوزیشن اپنے کیے کا پھل بھگت رہی ہے۔

اپوزیشن کو مفروضوں کی بنیاد پر رگرنا چھوڑ دیں، ملک احمد خان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت صرف یہ بات ثابت کرنا چاہتی ہے کہ جس پر بھی الزام لگا وہ غلط اور بدعنوان شخص ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ پہلے الزام کو عدالت میں ثابت تو ہونے دیں پھر بات کریں، اپوزیشن کو مفروضوں کی بنیاد پر رگرنا چھوڑ دیں۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت بے یقینی کا شکار ہے اس لیے انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں، یہ لوگ ہوائی باتیں کر رہے ہیں۔

 سندھ میں بہت زیادہ کرپشن ہے، فردوس شمیم نقوی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ میں تو ان ہاؤس تبدیلی لانے کی بات کرتا ہی نہیں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کب سے کہہ رہے ہیں کہ سندھ میں بہت زیادہ کرپشن ہے، ہمارا منشور کرپشن کے خاتمے کا ہے اور ہم اس پر کام ضرور کام کریں گے، اگر تحریک انصاف کا کوئی رہنما کرپشن کرے کا تو اسے بھی سزا دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں