کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کوئی صحیفہ آسمانی نہیں ہے، ایک دستاویز ہے، ہم عدالت میں اس کے خلاف تمام شواہد پیش کریں گے۔
سندھ اسمبلی کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اللہ کی ذات اور پاکستان کی عدلیہ پر بھروسہ ہے، جیت انصاف اور پیپلز پارٹی کے نیک لوگوں کی ہوگی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ ماہ سے گزارش کر رہا ہوں کہ تحریک انصاف کے اراکین آئین پاکستان پڑھ لیں، نادان دوستوں نے وزیر اعلی سندھ کے خلاف تحریک التواء جمع کروادی۔
انہوں نے کہا کہ اب جو معاملہ عدالت میں ہے اس پر ایوان میں کیسے بحث ہو گی، بریکنگ نیوز کے چکر میں یہ لوگ نہ جانے کیا کیا کر رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے جو تحریک التواء جمع کرائی گئی، اس تحریک کے بارے میں خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ وہ مجھ سے کہہ کر جمع کروائی تھی۔ خرم شیر زمان بتائیں کہ اب انھوں نے یہ تحریک التواء کس کے کہنے پر جمع کرائی؟
انہوں نے کہا کہ خرم شیرزمان تحریک التوا پربھی یوٹرن لیں گے، یہ پیپلزپارٹی میں فاروڈ بلاک کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ہمارے ایم پی ایز ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
حکومت نے بے نظیرکی شہادت کے دن بھی سازش کی اور پارٹی کے جذبات کا خیال نہیں رکھا۔ ماضی میں سازشوں کو بے نقاب کیا اب بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اور گورنر سندھ کس طرح سیاسی کردار ادا کررہے ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل پارٹی کے بجائے آئین کے مطابق حکومت سندھ سے مشاورت کریں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر سندھ آئین کو فالو کریں، اب وہ تحریک انصاف کے رہنماء نہیں رہے۔