راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں آسیہ بی بی نامی خاتون شہید ہوگئیں جبکہ دو خواتین اور تین بچوں سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھر پور جواب دیتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
رواں برس لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کے باعث متعدد افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
گزشتہ ماہ دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں سال بھارت نے 2312 مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی۔
گزشتہ سال بھارتی جارحیت 35 پاکستانی شہری شہید جبکہ 135 افراد زخمی ہوئے تھے۔