بیٹے نے کبھی کسی قسم کے خطرے کا ذکر نہیں کیا، والد علی رضا


اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی کے والد سید اخلاق حسین نے کہا کہ علی رضا عابدی نے کبھی گھر میں کسی قسم کے خطرے کا ذکر نہیں کیا۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قتل کی رات علی رضا عابدی اکیلے گاڑی چلا رہے تھے، گھر پہنچنے پر گارڈ نے دروازہ کھولنے میں پانچ سے دس سیکینڈ کی تاخیر کر دی تھی جس دوران دو موٹر سائیکل سواروں نے علی رضا کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے نوجوانوں کی عمریں تقریباً 24 سال تھیں، اگر ان کو پکڑا گیا تو میں پہچان لوں گا۔

انہوں نے بتایا کہ علی رضا عابدی جس وقت گھر آئے تھے عموماً اس وقت نہیں آتے لیکن اس رات انہوں نے بچوں سے باہر کھانے پر جانے کا وعدہ کر رکھا تھا۔

سی سی ٹی وی کیمروں سے صورت حال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، عمران اسماعیل

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ علی رضا عابدی کی موت کے حوالے سے ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ کس نے اور کیوں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، امید ہے کہ بہت جلد تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو سیف سٹی بنانے کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی حل نہیں ہے، ہر بندے کے ساتھ ایک پولیس اہلکار نہیں لگایا جا سکتا لیکن سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شہر میں صورت حال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریار آفریدی کل صبح اپنی رپورٹ کیبنٹ اجلاس میں پیش کریں گے اور ہم بہت جلد کراچی کو سیف سٹی بنانے کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔

پچھلے چند مہینوں سے دشمن اناثر پھر سر اٹھاتے نطر آ رہے ہیں، سینیٹر جاوید عباسی

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ کراچی کے حالات بہت بہتر ہو چکے تھے لیکن پچھلے چند مہینوں سے دشمن عناصر پھر سر اٹھاتے نطر آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب الزامات کی سیاست سے نکل کر سب کو ساتھ مل بیٹھ کر کراچی کے حالات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

احتساب کے حوالے سے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ہرغلط کام کرنے والے کا احتساب لازمی ہونا چاہیئے لیکن اس میں سیاسی انتقام کی بو نہیں ہونی چاہیئے، ایسا کیوں ہے کہ تمام نیب زدہ لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں؟

پولیس کو غیر سیاسی بنانے کی ضروت ہے، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں پولیس کا ادارہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس کو غیر سیاسی بنانے کی ضروت ہے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملک کو ہمیشہ رینجرز کی ضرورت پڑتی رہے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی پولیس فورس کو تمام ممکنہ وسائل دینے کی ضرورت ہے تا کہ انہیں پروفیشنل بنایا جا سکے۔

احتساب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں جتنے بھی غلط لوگ ہیں، سب کے خلاف نیب کو کارروائی کرنی چاہیئے، ہم نے نیب کو کسی کام سے نہ روکا ہے نہ ہی کرنے کا کہا ہے۔

جلد تمام حقائق سامنے آ جائیں گے، طارق دھاریجو

پروگرام میں موجود ایس ایس پی طارق دھاریجو نے کہا کہ ملک میں پچھلے کچھ دن میں جو واقعات ہوئے وہ سب آپس میں کہیں نہ کہیں ملتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے حادثات کا تعلق ملکی اور غیر ملکی عناصر دونوں سے ہیں لیکن پولیس ان تمام معاملات پر تحقیات کر رہی ہے، جلد ہی تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔

علی رضا عابدی کے قتل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ قتل کی رات کہاں گئے اور کن راستوں کا استعمال کیا، یہ تمام تفصیلات پتا لگا لی گئیں ہیں۔


متعلقہ خبریں