لاہور:وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی قتل کرنا ایک قومی حادثہ ہے جبکہ پاکستان کی سب بڑی بدنصیبی یہ ہے اس کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ چور اور ڈاکوؤں نے قوم کو یہاں تک پہنچایا، یقین ہے اب احتساب کا عمل تیز ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جس احتساب عدالت جائیں گے جھنڈے والی گاڑی میں جج خود انہیں لینے آئے گا۔ شریف برادران تاش سینے سے لگا کر کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سادہ آدمی ہیں اور ان کی چالوں سے واقف نہیں۔
چئیرمین پی اے سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔ چور دوبارہ چودھری بنیں گے تو مسائل کے حل کے متلاش اور منتظر مایوس ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ٹائمنگ ہمیشہ غلط ہوتی ہے، انہوں نے اپنے کیسوں کی ہمیشہ نفی کی، کسی نے انھیں سمجھایا نہیں تو یہی ہونا تھا
ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کےمطابق وہ عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں لیکن فیصلے کو نہیں مانتے، کیس لڑنے کے حوالے سے آصف زرداری سے ہی سیکھ لیتے، بڑے غیر ذمہ دارانہ طریقے سے کیس لڑا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ عوام کو جس فیصلے کا انتظار تھا وہ آ گیا، اب احتساب کا عمل تیز ہوگا، فیصلے آسمانوں پر ہوتے ہیں، اس فیصلے میں عمران خان اور موجودہ حکومت کا کوئی کمال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ ہونے باوجود عمران خان میری بات سنتے ہیں جو ان کی مہربانی ہے۔ شہباز شریف کے معاملے میں طے یہ ہی ہوا تھا کہ انہیں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنایا جائے۔
واضح رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آج عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا گیا ہے۔