کراچی سے اسلام آباد کا سفر دبئی سے بھی مہنگا

فائل فوٹو


کراچی: سردیوں میں اسکولوں کی تعطیلات اور کرسمس پر کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا سفر دبئی سے بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ ائیر لائنز کی جانب سے  کرایوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد  کراچی، لاہور اوراسلام آباد کا یک طرفہ ٹکٹ 37 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد کا یک طرفہ ہوائی ٹکٹ 37 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔ جس کے باعث ملک بھر سے اسلام آباد سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور خاص طور پر سردیوں کی چھٹیوں میں پورے پاکستان سے لوگوں کی بڑی تعداد لاہور، اسلام آباد اور شمالی علاقہ جات کا رخ کرتے ہیں۔

صرف لاہور کے یک طرفہ سفر پر کراچی سے دبئی کے ریٹرن ٹکٹ کے برابر ٹکٹ لیا جارہا ہے۔ غیر ملکی ائیر لائن کا کراچی سے دبئی کا ریٹرن ٹکٹ 38000 ہزار جبکہ مقامی نجی ائیرلائنز سے 36000 ہزار روپے ہے۔

قومی ائیر لائن کا کرایہ بھی لاہور اور اسلام اباد کے لیے 30 ہزار تک پہنچ گیا ہے جبکہ نجی ائیر لائنز 36 اور 37 ہزار تک چارج کررہی ہیں۔چھٹیوں سے قبل کراچی ، لاہور کا کرایہ 13،500 ہزار روپے سے شروع ہورہا تھا۔

ترجمان ٹریول ایجنٹ حنیف رنچ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کرایوں میں اضافہ ٹھیک نہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی اس بات پر غور کرے کیونکہ یہ کرایہ کم آمدنی والے افراد افورڈ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ سوال ایوی ایشن اتھارٹی کی منظوری کے بعد کرایوں میں اضافہ کیا جاتا ہے لیکن اتنا کرایہ بڑھا دینا سمجھ سے باہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہی کرایوں  کو ریگولیٹ کرتی ہے۔

مشہود تاجور ترجما ن پی آئی اے نے کہا کہ ہم نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا بلکہ جب کوئی فلائٹ کے آخری وقت میں ٹکٹ خریدتا ہے تو اس کے پرائس میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے ہر برس سردیوں اور گرمیوں کی چھٹیوں میں ایئر لائنز کی جانب سے کرایوں میں اضافہ کیا جاتا ہے اور اس کی وجہ عوام کی جانب سے ٹکٹس کی زیادہ طلب بتائی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ کرایوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں