جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات  کے لیے قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

ہم نیوز کے مطابق جے آئی ٹی نے دس سے زائد والیومز پر مشتمل سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق رپورٹ کے تناظر میں 620 افراد کو نوٹس بھیجے گئے جن میں سے 470 افراد نے خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا۔

جے آئی ٹی کے مطابق 104 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف زیرتفتیش منی لانڈرنگ کیس میں 35 ارب روپے میں سے 23 ارب روپے کی رقم غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کے حوالے سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اٹھایا گیا تھا، جب اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایف آئی اے کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔


متعلقہ خبریں