موڈیز کی 2019 میں ڈالر کی قیمت 148 روپے ہونے کی پیشگوئی

معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کے اقدامات مفید قرار

  • بہتر پاور سپلائی اور ترقیاتی منصوبوں نے ترقی کے مواقع بڑھائے، رپورٹ
  • موڈیز نے سی پیک کو ملک کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا

اسلام آباد: معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے اداروں میں اصلاحات سے بہتری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے، ملک کا معاشی مستقبل طویل عرصے کے لیے مضبوط ہے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کے اقدامات کو  مفید قرار دے دیا اور کہا کہ امن، بہتر پاور سپلائی اور ترقیاتی منصوبوں نے ترقی کے مواقع بڑھائے ہیں۔

موڈیز کا کہنا تھا کہ اداروں میں اصلاحات سے اور بہتری آئے گی جبکہ سی پیک منصوبے کو ملک کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ سی پیک منصوبے معاشی ترقی کا حصہ بن رہے ہیں، منصوبے میں رکاوٹیں دور اور ترقی کی صلاحیت  بہتر ہو گی۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قرض لینے کی صلاحیت کی ریٹنگ ’بی تھری منفی‘ ہے۔

ایجنسی نے آئندہ دو برسوں میں معاشی نمو 4.3 اور 4.7 رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف مذاکرات کے سبب پانچویں مرتبہ روپے کی قدر گرائی ہے، 2019 کے اختتام تک ڈالر 148 روپے تک جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 2019 کی پہلی سہ ماہی تک حتمی معاہدہ طے پائے گا۔خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور آئی ایم ایف پروگرام سے بہتری آئے گی۔


متعلقہ خبریں