لاہور: دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بعد قومی ٹیم جنوبی افریقی مشن کے لیے جوہانسبرگ روانہ ہو گئی۔
کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقا کے دوران بلے بازوں کو ذمہ داری دکھانا ہوگی۔ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔
واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، اور شان مسعود کراچی سے جب کہ امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، اظہر علی اور دیگر کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آج روانہ ہوئے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ پہلے ہی جنوبی افریقہ میں موجود ہیں۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اوربورڈ کے دیگر حکام بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔
یاسر شاہ نجی مصروفیت کے باعث روانہ نہیں ہو سکے، وہ 20 دسمبر کو جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔
پاک جنوبی افریقا سیریز
پاکستان ٹیم دورہ جنوبی افریقا کے دوران تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سپر سپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں تین جنوری کو نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے آمنے سامنے آئیں گی۔
تیسرا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ کے وینڈرر اسٹیڈیم میں گیارہ جنوری کو کھیلا جائے گا۔
تینوں ٹیسٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ایک بجے کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پہلے ون ڈے میچ میں پورٹ الزبتھ کے سینیٹ جارجز پارک میں مدمقابل آئیں گی، میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے 22 جنوری کو کنگز میڈ، ڈربن اور تیسرا ون ڈے 25 جنوری کو سپر سپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چوتھا میچ 27 جنوری اور پانچواں میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
تینوں ایک روزہ میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے۔
ٹی ٹوینٹی سیریز
دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری، دوسرا میچ تین فروری اور تیسرا میچ چھ فروری کو کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوں گے۔