قانون کی پاسداری کرنے والی قوموں نے ترقی کی ہے، چیف جسٹس



کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی وہاں قانونی کی حکمرانی تھی۔ صوبوں میں سپریم کورٹ رجسٹری کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو قربانی کی ضرورت ہے اور اگر محبت کا جو معیار خاندان کے لیے ہے ملک کے لیے ہو تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

ملک میں پانی کے بحران سے متعلق بات کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر دیانتداری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 2025 تک ملک پانی کے شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے اس لیے پانی کی مینجمنٹ اور ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا تھا اور ایک مافیا تھا جو پانی کی قلت پیدا کر کے اپنے مفادات سمیٹ رہا تھا۔

انہوں ںے امید ظاہر کی کہ میرے بعد آنے والے انصاف کے تقاضے پورے کریں گے جب کہ ہم اپنی خامیوں پر قابو پا کر ہی ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور اگر دنوں میں نہیں تو چند سالوں میں ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آبادی کنٹرول کرنے کی مہم آنے والے دنوں میں تحریک بنے گی۔ آبادی کو کنٹرول نہیں کیا گیا تو تین سال تک آبادی 45 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔


متعلقہ خبریں