’گرفتاریوں کا مطلب ہے ملک درست سمت میں بڑھ رہا ہے‘

پی ٹی وی انتظامیہ سے کئی معاملات پر اختلاف ہے، وزیر اطلاعات | ہم نیوز

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے خواجہ برادران کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ  گرفتاریوں کا مطلب ہے ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری ضمانت منسوخی کے بعد کی گئی ہے، ان گرفتاریوں اور حمزہ شہباز کو روکے جانے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ یہ لوگ جن مقدمات میں پکڑے گئے ہیں وہ ہم نے نہیں بنائے اور جو پکڑ رہے ہیں انہیں بھی ہم نے نہیں لگایا، ہم نہ بنانے والوں میں ہیں نہ لگانے والوں میں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ادارے خود مختار ہیں جو انہیں گرفتار کر رہے ہیں، ہمیں ان کے مقدمات کا نہیں پتہ ہے، ہمیں بس یہ معلوم ہے کہ انہوں نے بہت پیسے کھائے ہیں، جنہوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کے پیٹ میں درد ہے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے آج نے خواجہ برادران کو پیراگون سٹی اسکینڈل میں گرفتار کیا ہے۔ نیب کا الزام ہے کہ خواجہ برادران نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

نیب نے الزام لگایا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے ہیں، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔


متعلقہ خبریں