غداری مقدمہ: سابق وزرائے اعظم کیخلاف درخواست پر سماعت پھر ملتوی

نوازشریف، شاہد خاقان کیخلاف غداری مقدمے کی سماعت | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کیلیے دائر درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئی ہے۔

درخواست پر سماعت بینچ کی عدم دستیابی کے سبب ملتوی ہوئی۔ جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا تین رکنی بنچ نے سماعت کرنی تھی۔

عدالت نے درخواست گزار کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کا حکم دے رکھا ہے۔

درخواست گزار نے نواز شریف کے متنازع انٹرویو کو بنیاد بنا کر کہا ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ  سابق وزیراعظم نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیے کر اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، نواز شریف کیخلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے متعلق درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی سربراہی میں بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی کارروائی نواز شریف کو بتائی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے اور بغاوت کے الزام میں  کارروائی کی جائے۔

گزشتہ سماعت پر نوازشریف، شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرا دیا تھا تاہم عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں