لاہور: دورہ جنوبی افریقہ کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، ناقص کارکردگی کے باعث گزشتہ سیریز میں ڈراپ کئے جانے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ حیران کن طور پر پاکستان اور کیویز کے مابین تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے آف اسپنر بلال آصف کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر اور قومی ٹیم کے سیلکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، یاسر شاہ، امام الحق، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، حسن علی،شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، فہیم اشرف، محمد عامر شامل ہیں۔
دورہ جنوبی افریقہ کے لئے یاسر شاہ کے ساتھ لیگ اسپنر شاداب خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، محمد رضوان کو دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ اسکواڈ میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، تھیونس ڈی بروین،کوئنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، زبیر حمزہ، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈوآن اولیویئر، ورنن فلینڈر، کیگاسو ربادا اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان کے دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز 19 دسمبر 2018 سے ساؤتھ افریقہ انویٹیشن الیون کے خلاف تین روزہ میچ سے ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کیپ ٹاؤن کرے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 19 جنوری کو پورٹ الزبتھ سے ہو گا، دوسرا ایک روزہ میچ 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور سیریز کا آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا تین فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔