سکھوں کی عزت کرتے ہیں، شاہ محمود کا بھارتی وزیر خارجہ کو جوا ب

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب ششما سوراج کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تبصرے کو سکھوں کے جذبات  سے  جوڑنا گمراہ کن ہے کیونکہ انہوں نے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں گفتگو کی تھی۔

انہوں نے ششما سوراج کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ سکھوں سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سکھوں کی عزت کرتے ہیں۔ اورکوئی سازش اس کومتاثر نہیں کرسکتی۔

انہوں نے بتایا کہ جو میں نے کہا وہ صرف بھارت سے دوطرفہ تعلقات سے متعلق تھا۔ وہ سکھوں کی بے حد عزت کرتے ہیں اور کوئی سازش اس تاثر کو متاثر نہیں کرسکتی۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سکھوں کی خواہش مدنظررکھ کرکرتارپوربارڈرکھولنےکافیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کو کھول کرتاریخی قدم اٹھایا اوراس کو نیک نیتی سے آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے  بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج کی جانب سے پاکستانی وزیرخارجہ کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ گگلی کا لفظ استعمال کرکے شاہ محمود نے سیاست کی۔


گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سکھ برادری کی خواہش اور مطالبہ تھا کہ کرتار پور کھول دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یہ فیصلہ کرکے خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کرتار پور رہداری پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں اور ہم دنیا بھر سمیت تمام پڑوسی ممالک سے اچھے اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کو ساری دنیا میں سراہا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں