چئیرمین نیب کی مقدمات جلد مکمل کرنے کی ہدایت



اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کہتے ہیں کہ کسی کےخلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے ہیں اور بدعنوانی کاخاتمہ ایمان ہے۔ تمام میگا کرپشن کے مقدمات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات نیب کے صدر دفتر میں منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

نیب کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں بدعنوانوں سے 2580 ملین روپے برآمد کیے گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔

صدارتی خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان کےلیے کوشاں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے میگا کرپشن مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کم مالیت کے مقدمات کو متعلقہ انٹی کرپشن اداروں کو بھیجا جائے۔

چیئرمین نے ہدایت کی کہ نیب میں آنے والے تمام افراد سے قانون کے مطابق عزت کے ساتھ پیش آیا جائے۔ انہوں نے تحقیقات میں تاخیر کے ذمہ دار افسروں کےخلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

ہم نیوز کے مطابق نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں 503 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 44 ہزار 315 افراد کےخلاف شکایات موصول ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق 1713 شکایات کی جانچ پڑتال ہوئی جن میں سے 877 افراد کےخلاف انکوائری ہوئی اور  227 کےخلاف انوسٹی گیشنز کی گئیں جبکہ  بدعنوانی کے 440 ریفرنسز مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کیے گئے۔


متعلقہ خبریں