پاکستان، ملائیشیا مختلف شعبوں میں تعاون پر متفق



کولالمپور/اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے عوام نے کرپشن کیخلاف ووٹ دیا اور دونوں ممالک کو ایک جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔

ملائیشین ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کے  بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ ہم فی کس آمدنی میں اضافے، معاشی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں ملائیشیا سے سیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو  بحران سے نکلنے اور کرپشن کیخلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملائیشیا کے ساتھ باہمی مفاد اور تجارت کے علاوہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک میں برادرانہ تعلقات ہیں اور ہمیں مشترکہ مسائل کا سامنا ہے۔

مہاتیر محمد نے پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جن کا میں نے خود استقبال کیا۔

ملاقات کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے ایک دو طرفہ فورم تشکیل دیا جائے، توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے تعاون ہوگا، دفاعی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا، سرمایا کاری میں اضافے اور ویزے کی پابندی جزوی طور پر ختم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان ہوئے ایل این جی گیس کے معاہدے پر جلدازجلد عمل درآمد کیلئے بھی تعاون کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

وزیراعظم ملائیشیا کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے خود عمران خان کو الوداع کیا۔


متعلقہ خبریں