ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہریار آفریدی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد :وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو دوٹوک جواب دیا ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اور اس کے نتائج سامنے آنے چاہیے، ہر حکمران اور ریاست کو اپنی سوچ اور بات کہنے کی آزادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو نہیں بلکہاپنے مفادات کو دیکھنا ہے۔ اقوام عالم کو یہ باور کرانا ہے کہ  ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پی ایس ایل سمیت تمام انٹرنیشنل کرکٹ واپس پاکستان آئے گی، عالمی کرکٹ کو واپس لانا حکومت کی ترجیح ہے، ہم اس کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں۔

واضح رہے دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان مخالف بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مزید پیسے نہیں دیں گے۔ پاکستان پیسے لینے کے باوجود ہمارے لیے کام نہیں کرتا۔ اس کی واضح مثال اسامہ بن لادن کا کیس ہے۔

پاکستان پر اسامہ بن لادن کو پناہ دینے کا بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اربوں ڈالرز لینے کے باوجود پاکستان نے امریکہ کو اسامہ کی موجودگی کا نہیں بتایا۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ کے ٹویٹ کے جواب میں کہا تھا کہ امریکہ کی جنگ لڑتے لڑتے پاکستان نے اپنا کافی نقصان کرلیا ہے، اب ہم صرف وہی کریں گے جو عوام اور ملک کے حق میں ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ٹرمپ کی جانب سے دیئے گئے پاکستان مخالف بیان پر کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو پاکستان سے متعلق ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف امریکہ کی جنگ میں ساتھ  دیا اور 75 ہزار جانیں قربان کیں۔


متعلقہ خبریں