امریکی جنگ میں پاکستان نے اپنا نقصان کیا، عمران کا ٹرمپ کو جواب

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کیں، وزیراعظم

فوٹو: فائل

  • پاکستانی معیشت کو 123 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا
  •  پاکستان کے قبائلی علاقے وسیع پیمانے پر متاثر ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے
  • ارب ڈالرکی امداد اس نقصان کے مقابلے میں نا ہونے کے برابر ہے،عمران خان 20

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ کے حالیہ ٹویٹ کے جواب میں کہا ہے کہ امریکہ کی جنگ لڑتے لڑتے پاکستان نے اپنا کافی نقصان کرلیا ہے۔ اب ہم صرف وہی کریں گے جو عوام اور ملک کے حق میں ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ٹرمپ کی جانب سے دیئے گئے پاکستان مخالف بیان پر کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو پاکستان سے متعلق ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف امریکہ کی جنگ میں ساتھ دیا اور 75 ہزار جانیں قربان کیں۔

انہوں نے ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو 123 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ ملنے والی 20 ارب ڈالرکی امداد اس نقصان کے مقابلے میں نا ہونے کے برابر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقے وسیع پیمانے پر متاثر ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے عام پاکستانی کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکہ کو پاکستان آج بھی زمینی و فضائی راستے کی سہولت مفت دے رہا ہے۔ صدر ٹرمپ بتا سکتے ہیں کہ کسی دوسرے اتحادی نے اتنی قربانی دی ہو۔ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے امریکہ اپنی ناکامی کا خود جائزہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو، اڑھائی لاکھ افغان فوج افغانستان میں موجود ہے جبکہ اب تک امریکہ افغان جنگ میں مبینہ طور پر ایک کھرب ڈالر جھونک چکا ہے اس کے باوجود افغانستان میں دہشت گرد پہلے سے زیادہ طاقت ہو گئے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز امریکی صدر نے پاکستان کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو امداد دیتے رہے اور اس نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں