کرپشن پاکستان کا واحد مسئلہ نہیں،قمر زمان کائرہ


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کرپشن پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے لیکن یہ کوئی واحد مسئلہ نہیں اور بدقسمتی سے ہمارے ملک میں وائٹ کالر کرائم پر اتنا کام نہیں ہوا جتنا ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے یہ سمجھنا غلط ہے کہ صرف نیب کے ادارے کو مضبوط کرنے سے احتساب کاعمل بہتر طریقے سے ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ان کو دیگر اداروں اور مسائل کی جانب بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے چاہے کوئی کسی بھی عہدے پر ہو۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا کہ آج تک حکومتوں کی جانب سے احتساب کا ادارہ بنانے کا اصل مقصد احتساب نہیں بلکہ اپوزیشن کو نشانہ بنانا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے موجودہ چیئرمین کو بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ان کی تقرری خود نواز شریف اور آصف علی زرداری نے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت کے پاس چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) کو ہٹانے کا اختیار نہیں تو نیب چیئرمین کیوں حکومت کے دباؤ میں آئیں گے۔

آنے والے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی اوراتحادیوں کے درمیاں معاملات اچھے چل رہے ہیں، پنجاب میں تمام طاقت صرف وزیراعلیٰ کے پاس ہے۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹرعبدالقیوم نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کے لیے رضامندی کے ساتھ ساتھ اور2/3 اکثریت کی بھی ضرورت ہوتی ہے. اگر ڈی جی نیب ایک جج کو لگا دیا جائے تو غلط ہے، نیب کا کام صرف کرپشن کرنے والوں کو پکڑنا نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ایسے اقدامات کرنا بھی ہے جس سے اس کی روک تھام ممکن ہو۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے میں  پی ٹی آئی کی جانب سے بہت کمزور وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا گیا ہے، اس کا نقصان تحریک انصاف کو ہی ہوگا۔

پروگرام میں موجود ماہر قانون عرفان قادر نے کہا کہ چیئرمین نیب کا انتخاب صدر پاکستان کرتے ہیں، چیئرمین نیب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں کو ادارے میں لائیں جو ادارے کی کارکردگی بہتر کرنے میں مدد دیں۔


متعلقہ خبریں