صدر عارف علوی بلوچستان کے لیے دو تحفوں کا اعلان کریں گے، فیصل واوڈا



کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی بلوچستان کے دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں وہ بلوچی عوام کے لیے دو تحفوں کا اعلان کریں گے۔

تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کے تمام مسائل حل کریں گے،  بلوچستان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ کا دل بہت بڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں ہم آہنگی بہت ضروری ہے، ہم سب صوبوں کے ساتھ لے کر چل رہے ہیں، بڑے صوبوں کی قلت اپنی جگہ ہے لیکن اگر ان کے تھوڑا سا دل بڑا کرنے سے بلوچستان کا فائدہ ہوتا ہے تو ہم کریں گے۔ ہمیں صوبوں میں تعصب یا لڑائی نہیں کرنی، ہم سارے صوبوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیہ کے حلقہ 249 میں پانی کا مسئلہ تھا، میں نے بلوچستان اور سندھ کے وزیر اعلیٰ سے رابطہ کیا انہوں نے فوری طور پر میری بات سنی اور کل کی تاریخ میں مسئلے کا حل نکالا۔ کراچی میں بلوچستان میری بہت مدد کرتا ہے اور میں اس کا بدلہ ان کو دوں گا۔

انہوں نے کہا مجھے وفاقی حکومت سے پیسہ نہیں چاہیے، میرا مسئلہ پیسے کا نہیں ہے، پاکستان اور بیرون ملک کافی لوگ میرے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے 500 دن کا کام 50 دن میں کر کے دکھایا، میں وزیر ریلوے سے درخواست کرتا ہوں، سعد رفیق کو جیل جانے سے پہلے بلوچستان بلائیں اور دکھائیں کہ یہاں ہم کیا کام کر رہے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں گوادر ریلوے اسٹیشن کے لیے جگہ دی، ریلوے سے سات ڈویژن پہلے ہیں اب گوادر کو بھی ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب بھی عمران خان گوادر جائیں گے ہم ان سے گوادر ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھوائیں گے۔

انہوں نے کہا میں وزارت میں آیا تو 55 انجنز کے کیس کا معاملہ سامنے ہے، ہم نے چالیس چالیس کروڑ میں ایک انجن لیا، یہی انجن بھارت نے 20 کروڑ میں لیے اور انہوں نے ابتدائی طور پر ٹیسٹنگ کے لیے دو انجن لیے اور یہاں ایک ساتھ سارے انجن منگا لیے گئے۔


متعلقہ خبریں