پاکستان کا آئی ایم ایف سے مذاکرات کا پہلا دور مکمل


اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مالیاتی پیکج کے لیے جاری مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد نے فیڈرل بیورو آف ریوینیو (ایف بی آر) کے حکام کے ساتھ مذاکرات کیے جبکہ وفد کے ساتھ وزارت خزانہ کے سینئر حکام کی ملاقات بھی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران حکام نے وفد کو آئندہ بجٹ اور ٹیکسوں میں اضافے سے متعلق تفصیلات دیں اور آئندہ مالی سال کا مالیاتی منصوبہ پیش کیا۔

مذاکرات میں ٹیکس نیٹ اور محصولات کے اہداف بڑھانے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کا پلان بھی وفد کو دیا گیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے چھ سے آٹھ ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کا خواہشمند ہے۔ اس حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کا وفد سات نومبر کو اپنے دو ہفتے پر محیط دورے پر پاکستان پہنچا تھا۔

اپنے دورے میں وفد اکستان کے ادائیگیوں کے توازن ، مجموعی ملکی معیشت اور برآمدات کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لے گا۔


متعلقہ خبریں