سعودی عرب میں ایک اور صحافی کا مبینہ قتل


ریاض: سعودی عرب میں ایک اور صحافی کا مبینہ طور پر قتل کردیا گیا ہے۔

ایک برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی ترکی بن عبدالعزیز الجاسر سعودی جو حکومت کے ناقد تھے، دوران حراست قتل کردیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی بن عبدالعزیز اس سال مارچ سے سعودی عرب کی حراست میں تھے جہاں تشدد کرنے کے بعد انہیں قتل کیا گیا تھا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کو صحافی پر حکومت مخالف سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے کا شبہ تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی صحافی جمال خا شقجی بھی رواں سال دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانہ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔

صحافی کی گمشدگی کے کچھ دن بعد ترکی کا موقف سامنے آیا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ خاشقجی کو مار دیا گیا تاہم سعودی عرب ترکی کے اس موقف کی متعدد بار تردید کرتا رہا۔

خاشقجی کی گمشدگی کے بعد مغرب کی طرف سے سعودی عرب پر دباؤ بہت بڑھ گیا تھا کہ وہ اس گمشدگی کے بارے میں قابل اعتبار وضاحت فراہم کرے جبکہ متعدد معربی ممالک نے سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بھی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

بعدازاں سعودی عرب نے خاشقجی کے قتل کا اعتراف کرلیا تھا۔


متعلقہ خبریں