پاک فوج کا شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت

شائقین کی فوجی کیپ پہن کر فائنل دیکھنے کی خواہش، ڈی جی آئی ایس پی آر کا ردعمل | ہم نیوز

فائل فوٹو


راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے یوم شہدائے کشمیر پر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ظلم و بربریت جاری ہے اور انشاء اللہ کشمیریوں کی عظیم قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔

مشال ملک کا پیغام

کشمیر میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1947 میں آج کے دن بھارتی افواج نے جموں کشمیر کے لوگوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ چھ نومبر کو بھارتی افواج نے لاکھوں لوگوں کو جس بےدردی سے ان کے پیاروں کے سامنے زبح کیا اور جس طرح  بڑے پیمانے پر ان کا  قتل عام کیا گیا یہ دنیا کے اندر ہولوکاسٹ اور نسل کشی کی ایک مثال ہے۔

اپنے پیغام میں مشال ملک کا کہنا تھا کہ آج بھی ظلم و بربریت کی اس داستان کو سن کر روحیں کانپ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ قتل عام کیاگیا وہاں 70 فیصد مسلمان بستے تھے، آج وہاں مندر بنا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج اور حکومت کشمیریوں کے خون کی پیاسی ہے۔

بھارتی قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری

دوسری جانب کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی بھارتی فوج نے مظاہرہ کرنے والے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

کشمیر کے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران جن نوجوانوں کو شہید کیا گیا ان کی شناخت محمد ادریس سلطان اور عامر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فوج نے سوپور میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کر کے دو کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔ بھارتی فوج نے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے تھے۔

حال ہی میں کشمیر میں کام کرنے والی ایک خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمیکل ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں اپیل کی ہے کہ اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی بربریت کا نوٹس لیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ قابض افواج نے بانڈی پورہ میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔

کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر پاکستان نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں