ملک گیر احتجاج ختم، معمولات زندگی بحال



اسلام آباد: ملک بھر میں تین روز تک جاری رہنے والا مذہبی جماعتوں کا احتجاج ختم ہوگیا ہے جس کے سبب معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی معمول پر آچکی ہے۔ احتجاج ختم ہونے کے سبب تمام شاہراہیں کھل چکی ہیں اور ٹرینیں بھی شیڈول کے مطابق ہیں۔

حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پانے کے بعد ملک بھر میں کاروبار بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔

گزشتہ شب  تین روزہ احتجاج کے بعد حکومت نے مظاہرین کے مطالبات مان لیے تھے جس کے سبب احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔

رواں ہفتے بدھ کے روز سپریم کورٹ نے آسیہ مسیح کو توہین رسالت کیس میں بری کردیا تھا جس کے بعد سے تحریک لیبک پاکستان (ٹی ایل پی) سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا تھا جبکہ ٹی ایل پی نے اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں دھرنے دے رکھے تھے۔

تین روز تک جاری رہنے والے ملک گیر احتجاج میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تعلیمی ادارے بند رہے موٹرویز پر ٹریفک کی روانی اور ٹرینوں کے شیڈول بھی متاثر ہوا۔


متعلقہ خبریں