کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع


کراچی: شہر قائد میں پیٹرول کی قلت کے باعث مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

چیئرمین آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے ہم نیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ شہر بھر میں پیٹرول ختم ہونے کے باعث پمپس مالکان پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دن سے پیٹرول کی ترسیل متاثر ہے اور آج رات تک پورے شہر میں پیٹرول مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آگاہ کیا کہ کراچی میں 50 فیصد پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے۔

عبدالسمیع خان کا اپنی گفتگو میں یہ بھی کہنا تھا کہ اگر حکومت تحفظ فراہم کرے تو پیٹرول کی ترسیل ممکن ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ آسیہ بی بی کی سزائے موت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے جارہے ہیں جن کے باعث کئی اہم شاہراہیں بند ہیں۔

غیر یقینی صورت حال کے باعث کئی تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کل بھی بند رہیں گے۔


متعلقہ خبریں