تنظیم اتحاد امت کی مظاہرین سے قانونی راستہ اپنانے کی اپیل

وزیر مملکت برائے داخلہ کا علما کرام کے ساتھ اہم اجلاس


لاہور: تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین ضیاء الحق نقشبندی نے اپیل کی ہے کہ مظاہرین پرامن رہیں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں مسئلے کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے علما کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج آپ کا حق ہے لیکن ہر چیز قانون کے دائرہ کار میں ہونی چاہیے۔ احتجاج ایسا ہو کے نا کسی کی جان جائے اور نا ہی کسی کا کوئی نقصان ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مسالک کو آسیہ کے فیصلے پر تحفظات ہیں۔ چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فیصلے پر نظرثانی کریں اور جیّد علماء کرام سے شرعی رہنمائی لیں جبکہ کیس کا فیصلہ ہونے تک آسیہ کو بیرون ملک نہ جانے دیا جائے۔
انہوں نے اپیل کی کہ تحریک لبیک فوری طور پر مذاکرات کی میز پر آئے اور قومی اداروں کے خلاف دیئے جانےوالے بیانات فوری واپس لیں۔

اس موقع پر موجود علمائے کرام نے بھی اپیل کی کہ  اس معاملے کو بات چیت سے حل کیا جائے کیونکہ ہر مسئلہ باہمی گفتگو سے حل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج ضرورکریں لیکن پرامن رہ کر۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج جمہوری حق ہے اور اس سے کوئی نہیں روکتا لیکن اگر یہ ہی احتجاج اپنے ہی لوگوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی زیر صدارت علما کرام کا اہم اجلاس ہوا جس میں  سیکرٹری داخلہ اور جید علما اکرام شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے علما کرام سے احتجاجی مظاہرین  کے بارے میں مدد مانگ لی جبکہ اجلاس میں ملک بھر میں جاری احتجاج کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پرعلما کرام نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آئین و قانون کو مد نظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔

 


متعلقہ خبریں