سینیٹ: فرانس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور


اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔

قرارداد قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیش کی ہے جس کے متن میں کہا گیا کہ فرانس کے عمل سے ایک ارب ستر کروڑ مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی،ایسے اقدامات مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات کو حکومتی سرپرستی حاصل ہونا افسوسناک ہے، دنیا ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قرارداد کی کاپی پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر کےحوالے کرنے کی ہدایت کر دی۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت جانوں سے بھی بڑھ کر ہے۔

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت: فرانسیسی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ مسلمان نبیوں میں کسی قسم کی تفریق نہیں رکھتے اور تمام مذاہب کے لیے یکجان جذبات رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے عرب دنیا سے تعلقات ہیں عرب دنیا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، صدر اردوان اور عمران خان نے جو مؤقف اٹھایا وہ کسی نے نہیں اٹھایا ہے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ مسلمانوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کے بجائے فرانس نے نظر انداز کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری اسلامی دنیا کے وزراء کے اجلاس میں تجویز رکھی تھی کہ اس معاملے پر اس کا علمی اور فطری طریقے سے جواب ضروری ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سفارتی اور سیاسی جواب دینا بھی ضروری ہے، دنیا کو ایک قانونی اور موثر جواب دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی قانون سے گرد اٹھا کر بین الاقوامی کنونشن میں بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔

 


متعلقہ خبریں