رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پھل اور سبزیاں مہنگی



کراچی: رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ جاتاہے، منافع خور سرگرم ہو جاتے ہیں، دالیں، چینی، مرغی، چھوٹا اور بڑا گوشت، چائے کی پتی، دودھ، انڈے، مشروبات ،چاول، گھی، بیسن، آٹا، سبزی، پھل اور ہر قسم کی ضروریات زندگی مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں۔

بدقسمتی سے وطن عزیز میں ہر سال ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں عام آدمی کو پورے ماہ پریشانی میں مبتلا کئے رکھتی ہیں۔ اس سال کورونا کے ستائے عوام اب مہنگائی کی وجہ سے بھی پریشان ہیں۔

پھلوں کی قیمت میں سو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ سبزیاں بھی تیس فیصد تک مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پچیس روپے والا تربوز پچاس روپے کلو مل رہا ہے جب کہ خربوزے کی قیمت پچاس روپے سے بڑھ کر سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ میں کیلا ریٹ اسی روپے کی بجائے ایک سو بیس روپے درجن فروخت کیا جارہا ہے۔ سبزی بھی مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے۔

پینتس روپے والا آلو پچاس روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے جب کہ مٹر سو روپے سے بڑھ کر ایک سو ساٹھ روپے کلو مل رہے ہیں۔

پیاز اور ٹماٹر کی اونچی اڑان سے بھی خریدار پریشان ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ مقررہ نرخوں پر فروخت کو بھی یقنی بنایا جائے۔

وزیر صنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مہنگائی مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا گراں فروش انسانیت کے دشمن ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انسدادِ ذخیرہ آرڈیننس کے تحت ذخیرہ اندوزوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔


متعلقہ خبریں