کراچی: عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق سپرد خاک

کراچی: عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق سپرد خاک

کراچی: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورنعیم الحق کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ مولانا تنویرالحق تھانوی نے مسجد عائشہ ڈیفنس میں پڑھائی۔

نعیم الحق کے انتقال پر پی ٹی آئی کا سوگ کا اعلان

عمران خان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے نعیم الحق کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا تھا۔ جنوری 2018 میں انہیں خون کا سرطان بتایا گیا تھا جس کے بعد سے وہ زیرعلاج تھے اورسیاسی سرگرمیوں سے بھی کافی دور تھے۔

ہم نیوز کے مطابق مسجد عائشہ ڈیفنس میں جب نعیم الحق کی نماز جنازہ ادا کی گئی تو اس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اورپارٹی کارکنان سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرحوم نعیم الحق پاکستان تحریک انصاف کے ابتدائی دس بانی اراکین میں شامل تھے۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اپنے دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر دھچکہ لگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزرے 23 سال کے دوران وہ ہر مشکل وقت میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور تمام ممکنہ مدد کی۔

پارٹی میں رشتہ دار کو کوئی پروموٹ نہیں کر سکتا، نعیم الحق

پی ٹی آئی کے بانی رکن نعیم الحق گیارہ جولائی 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا اور ایس ایم لا کالج سے ایل ایل بی کی سند حاصل کی۔

مرحوم پیشے کے اعتبار سے بینکر تھے۔ انہوں نے کاروبار بھی کیا۔ وہ 1980 میں بطورمرچنٹ بینکر لندن میں رہائش پذیر بھی رہے۔

1984 میں مرحوم نے ایئر مارشل اصغر خان کی تحریک استقلال میں شمولیت اختیار کی اور 1988 میں تحریک استقلال کے ٹکٹ پر اورنگی ٹاؤن سے انتخاب میں حصہ بھی لیا۔ وہ 1996 میں عمران خان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن گئے۔

مصباح الحق کو کوچ و چیف سیلکٹر کے عہدے سے برطرف کیا جائے، نعیم الحق

پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہونے کے بعد انہیں وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیا۔ اس حیثیت میں وہ آخری دم تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ انہوں نے پارٹی میں بحیثیت سیکریٹری اطلاعات بھی خدمات سر انجام دیں۔


متعلقہ خبریں