‘ اگر بتا دیا کہ مولانا سے کس نے رابطے کیے تو شیخ رشید کو نیند نہیں آئے گی’


اسلام آباد: ملک کے نامور صحافی حامد میر کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے رابطے جاری ہیں اور اگر شیخ رشید کو یہ پتا چل گیا کہ کس کس نے رابطہ کیا ہے تو وزیر ریلوے کو نیند نہیں آئے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام’ بڑی بات’ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ بات کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ بات چیت ابھی چل رہی ہے لیکن فردوس عاشق اعوان اور وزیر ریلوے کے بیانات سے مذاکرات کی کوششیں ناکام ہو سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزیروں کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں اگر حکومت چاہتی ہے کہ مذاکرات ہوں تو اس قسم کے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

جمیعت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمان نے کہا شیخ رشید بتائیں کس نے مذاکرات کے لیے رابطہ قائم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا وقت پہلے تھا لیکن اب گزر گیا ہے۔ موجودہ حکمراں جماعت کو حکومت چلانے کا علم نہیں۔

مولانا عطا الرحمان نے کہا ہم اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کو حکومت کا کردار ادا کرنا چاہیے، اگر حکومت نے مذاکرات کرنے ہیں تو اب جمیعت علمائے اسلام کی طرف سے راستہ بند ہو چکا۔

 


متعلقہ خبریں