بھارتی وزارت خارجہ نے ٹرمپ کو جھوٹا قرار دیدیا

بھارت ایک بار پھر مسئلہ کشمیر سے راہ فرار اختیار کرنے لگا

ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیراعظم نریندر مودی کی کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری ہونے والے پیغام میں انہوں نے کہا نے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جتنے بھی تنازعات ہیں وہ دو طرفہ بات چیت سے ہی حل ہوں گے۔


یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جہاں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔

ٹرمپ نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے کہا گیا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ‘دو ہفتے پہلے میری وزیر اعظم نریندر مودی سےملاقات ہوئی اس دوران انہوں نے کہا کہ کیا آپ کشمیر کے معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس طویل عرصے سے موجود مسئلے کو حل کرنے کے لئے کردار ادا کرنے پر خوشی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک خوبصورت خطہ ہے اس حوالے سے بہت کچھ سن رکھا ہے مگر وہاں روزانہ بمباری ہوتی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اختلافات مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کے لئے اپنی طرف سے کی گئیں کوششوں کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتا ہوں مگر تاحال آگے نہیں بڑھ پائے۔


متعلقہ خبریں