آئی سی سی نے بھارتی بلے بازوں کو ایک مرتبہ پھر عامر کی یاد دلادی


لندن: نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے وارم اپ میچ میں بھارتی ٹاپ آرڈر کو تباہ کردیا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ بھارتی ٹاپ آرڈر نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوں۔

شائقین کرکٹ کو آج بھی 2017 چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی گیند باز محمد عامر کا وہ اسپیل یاد ہے جس میں انہوں نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور شکھر دھون کو پویلین لوٹایا تھا اور پاکستان کی اس تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے لیے اپنے خصوصی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محمد عامر اور ٹرینٹ بولٹ کی تصاویر کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ 2017 چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں بھی اوول پر ہی بھارت کی تین ابتدائی وکٹیں ایک بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے حاصل کی تھیں جبکہ آج بھی ایک بائیں ہاتھ کے ہی فاسٹ بولر نے بھارت کی تین ابتدائی وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان ہی کی طرح نیوزی لینڈ نے بھی یہ وارم اپ میچ باآسانی چھ وکٹوں سے جیت لیا۔

کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ٹاپ آرڈر بالخصوص کوہلی کو ابتدائی اوورز میں قابو کرلیا جائے تو بھارتی ٹیم کو دباؤ میں لاکر میچ میں شکست دی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں