فیگو اور کاکا مداحوں میں گھر گئے



کراچی: پرتگال کے سابق اسٹار لوئس فیگو نے کہا کہ پاکستان آنے اور یہاں فٹبال کے کھیل کے لیے محبت دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو آگے لے جانے کے لیے آئے ہیں، ہم اپریل میں دوبارہ آئیں گے اور فٹبال کے جوہر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فٹبال کے مزید کھلاڑی اپریل میں پاکستان کا رخ کریں گے، پاکستانی ہمیں فٹبال کھیلتا دیکھ  کر اس سے محظوظ ہوسکیں گے۔

اس سے قبل سابق برازیلین فٹبالر کاکا اور پرتگال کے سابق اسٹار لوئس فیگو ائیرپورٹ سے مقامی ہوٹل پہنچے. جہاں دونوں کھلاڑیوں کا مقامی ائیر پورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

اسٹار فٹبالرز کو ہوٹل پہنچنے پر سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی۔

کھلاڑیوں کو ورلڈ ساکر اسٹارز کی پروموشن اور پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

ورلڈ ساکر سٹارز کے دو دو میچز 26سے 29اپریل تک کراچی اور لاہور میں ہوں گے، مداح بے چینی سے اپنے فٹ بالر اسٹارز کے منتظر ہیں۔

گزشتہ روز برازیلین فٹبالر کاکا نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مداحوں کو بتایا کہ وہ راستے میں ہیں اور چند دن پاکستان میں گزاریں گے۔

 

چند روز قبل  لوئس فیگو نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں دورہ پاکستان کے لیے خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سال کو مزید یادگار بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں