عمران خان سے ملاقات: شوکت بسرا نے کھلاڑی بننے کا اعلان کردیا


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی سے طویل وابستگی رکھنے کے بعد ’خاموش‘ ہوجانے والے سینئر سیاستدان شوکت بسرا بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے ’کھلاڑی‘ بن گئے۔ وزیراعظم دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران  پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیرخان ترین بھی موجود تھے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شوکت بسرا کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی سیاسی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے بھی اپنا سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے پرانے ’جیالے‘ شوکت بسرا کو جولائی میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا تھا۔

پی پی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والے شوکت بسرا نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے پارٹی منشور کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا انتخاب پارٹی ٹکٹ یا کسی عہدے کے لیے نہیں کیا ہے بلکہ وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ویژن سے متاثر ہوکر شمولیت اختیار کی ہے۔

عام انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما ندیم افضل چن نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ندیم افضل چن کی علیحدگی پر کہا تھا کہ ندیم افضل چن نظر آتے تھے لیکن وہ نظریاتی نہیں تھے۔


متعلقہ خبریں