رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کر گئے


رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز ملک کچھ روز سے علیل تھے۔ پرویز ملک مسلم لیگ ن لاہورکے صدر اور قومی اسمبلی کے اہم رکن تھے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کہنا ہے کہ  ن لیگی رہنما کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ ن لیگی رہنما پرویزملک 5بار ایم این اے اورسابق وفاقی وزیربھی رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیماری کے باعث ملک پرویز نے ن لیگ لاہور کی صدارت سے معذرت کر لی تھی۔ انہوں نے آج ڈاکٹر عبد القدیر خان کےلیے فاتحہ خوانی کا بھی انتظام کر رکھا تھا۔

ن لیگ کے مرکزی صدر شہبازشریف نے پرویزملک کے انتقال پر اظہا رافسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن قابل، وفادار اور مخلص رہنما سے محروم ہوگئی۔ پرویز ملک مخلص بھائی اور ساتھی تھے ،ان کی رحلت بڑا نقصان ہے۔

شہبازشریف نے کہا نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے مرحوم کی وابستگی، وفاداری اور محبت و اعتماد کا تعلق مثالی رہا۔ ملک، جمہوریت اور عوام کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے، ان کی کمی پوری نہیں ہو سکے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں