اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ضلع تھرپارکر کے تمام خاندانوں اور مستقل معذوری کا شکار افراد کے لیے صحت سہولت کارڈ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ضلع تھرپارکر کے تین لاکھ خاندانوں کو بھی صحت کی اس سہولت کا حصہ بنادیا ہے۔
صحت انصاف کارڈ کی بدولت ضلع تھرپارکر میں بسنے والے خاندانوں کو سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ تک کی صحت کی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔
دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان نے نادرا ڈیٹابیس میں موجود مستقل معذوری کا شکار تمام افراد اور ان کے خاندانوں کے لئے صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں صحت کارڈ کا اجراء، انتہائی خوش آئند اقدام
معذوری سے متاثرہ افراد اور انکے خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ کی بدولت سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ تک کی صحت کی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔
اس سہولت سے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے تمام معذور افراد مستفید ہوں گے۔
رواں سال فروری میں ایک پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرصحت اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ 2020 تک صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کردیا جائے گا۔
صحت سہولت کارڈ
کارڈ رکھنے والے کو سالانہ ساتھ لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کی سہولت دستیاب ہے۔
ڈیڑھ کروڑ خاندان یعنی آٹھ کروڑ پاکستانیوں کو مفت صحت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اینجو پلاسٹی، برین سرجری اور کینسر سمیت دیگرامراض کا مفت علاج ہو گا۔
اس کارڈ کے تحت سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
صحت انصاف کارڈ رکھنے والے خاندان ملک کے 150 سے زائد اسپتالوں سے علاج کراسکتے ہیں۔