وزیر اعلی کے پی کی وزیر اعظم کو ایس پی طاہر کے قتل پر بریفنگ


اسلام آباد: وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام اور سینئر پولیس افسرایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں وزیراعلی نے عمران خان کو صوبائی محکموں کی توسیع  اور سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے وزیراعلی کو فاٹا کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ  وزیراعلی نے دوران اجلاس وزیراعظم کو بتایا کہ فاٹا کے نئے اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔

واضح رہے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر پشاور سے تعلق رکھنے والے لاپتہ ایس پی طاہر داوڑ کی قتل کی خبر اور تصاویر سامنے آئیں تھیں تاہم  دفتر خارجہ نے بعد میں اس کی تصدیق کردی تھی اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اس سلسلے میں حکومت نے تحقیقات کے لیے سات رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل بھی دے دی ہے۔


متعلقہ خبریں