اسلام آباد: مومنہ درید اور ہم فلمز کی مشترکہ پیشکش ‘پرواز ہے جنون’ کا پہلا ٹیزر بدھ کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کے لئے مقرر کی گئی فلم پاک فضائیہ اور اس کے عملے و افسران کی زندگیوں کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔
‘پرواز ہے جنون’ کا پہلا ٹیزر بدھ کی صبح ڈیجیٹل میڈیا پر جاری کیا گیا۔ فلم کے مناظر پر مشتمل 52 سیکنڈز کی ویڈیو نے ابتدائی گھنٹوں میں ہی لاکھوں ناظرین کو متوجہ کر لیا۔
معروف ناول نگار فرحت اشتیاق کی کہانی پر حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فلم کے دیگر فن کاروں میں ہانیہ عامر، احد رضا میر، شاز خان، کبری خان، شمعون عباسی، علمدار خان، سید شفاعت علی، عدنان جعفر، سکندر ونسینٹ، راشل وساجی، مصطفی چنگیزی، حنا خواجہ بیات اور سبین سید شامل ہیں۔
فلم کے اداکاروں میں شامل علمدار خان شوبز کی دنیا میں آنے سے قبل پاکستان ائیرفورس کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔
مومنہ اینڈ درید فلمز اور ہم فلمز کے مشترکہ بینر تلے بننے والی فلم کے ہدایتکار حسیب حسن ہیں۔ فلم ہدایتکاری کی دنیا میں نسبتا نیا نام حسیب حسن ایک دہائی سے زائد عرصے سے ٹیلی ویژن پر اپنے فن کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
‘پرواز ہے جنون’ میں حمزہ علی عباسی کو پاکستان ائیرفورس کے پائلٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ فلم کا مرکزی خیال بھی پاک فضائیہ کے جنگی ہوابازوں کے متعلق ہے۔
مومنہ اینڈ درید فلمز، ہم فلمز کے بینرز، فرحت اشتیاق کی کہانی، حسیب حسن کی ہدایتکاری اور اداکاری کی دنیا کے معتبر ناموں کی موجودگی میں توقع ہے کہ عیدالفطر 2018 کے موقع پر سینماؤں کی زینت بننے والی ‘ہم ہے جنون’ ایک یادگار فلم ثابت ہو گی۔
مومنہ درید کا کہنا ہے کہ ‘پرواز ہے جنون‘ کے مناظر پاکستان ائیر فورس کی حقیقی زندگی سے وابستہ کہانیوں پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ فلم سے ہونے والی تمام نمایاں آمدن پی اے ایف فنڈز کے لئے عطیہ کی جائے گی۔
‘پرواز ہے جنون’ کا پہلا آفیشل ٹیزر دیکھ کر واضح ہوتا ہے کہ جنگی جہازوں کی اڑانیں اور اس سے وابستہ جوش و جذبے کو عمدہ انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے۔