این آر او کے لیے حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا، نواز شریف


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے این آر او کے لیے کسی سے بھی رابطہ نہیں کیا ہے اور اگر کسی نے رابطہ کیا ہے تو حکومت اس کی تفصیلات سامنے لائے لیکن جھوٹ نہ بولا جائے۔

سابق وزیر اعظم نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تو دیانتداری سے کام کرنے پر شاباش ملنی چاہیے تھی لیکن اُنہیں بھی نیب حراست میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے دیانتداری سے ملک کی خدمت کی ہے جس کے ثمرات ملکی سطح پر سامنے آئے ہیں اور ان پر اب تک ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کو آشیانہ اسکینڈل کیس میں طلب کیا تھا لیکن اُنہیں صاف پانی کیس میں حراست میں لے لیا گیا اور اب جب صاف پانی کیس میں بھی کچھ ثابت نہیں کر سکے تو شہباز شریف پر آمدن سے زائد اثاثوں کا نیا کیس بنایا جا رہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام کرتے ہیں اور گزشتہ روز اُن سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی ہے لیکن میں اُن سے ہونے والی گفتگو میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتا۔


متعلقہ خبریں