تیسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ مکمل

تیسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ مکمل | urduhumnews.wpengine.com

دبئی: پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میں ہرا کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو تین  ٹی ٹوینٹی کی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم نے151 رنزکے تعقب میں بلے بازی کا آغاز کیا تو الیکس کیری نے عماد وسیم کے پہلے ہی اوور میں دو چوکوں اور دو بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 20 رنز لے لیے۔

کپتان ایرون فنچ ایک بار پھر بیٹنگ میں فیل ہوگئے، وہ صرف ایک رن بنا سکے اور فہیم اشرف کا شکار ہوئے۔

کیری کے ارادے خطرناک لگ رہے تھے لیکن وہ بد قسمت رہے اور محمد کی گیند پر 20 رنز بنا کر کیچ ہوئے تو آسٹریلیا 24 رنز کے مجموعے پر دونوں اوپنر گنوا چکا تھا۔

بین ڈرمیٹ اور مچل مارش نے 21، 21  رنز بنا کر رن چیز کو دلچسپ بنا دیا۔ مجموعی اسکور 62تک پہنچا تو ڈرمیٹ مسلسل تیسری بار رن آوٹ ہوگئے۔

ڈرمیٹ کی وکٹ گرنے سے مہمان ٹیم کی رن بنانے کی رفتار ہلکی ہوگئی، میچ میں واپسی کے لیے آسٹریلیا کو بڑے شاٹس کی ضرورت تھی اور ایسے ہی ایک کوشش میں گلین میکس ویل صرف 4 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر باونڈری پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

اس وکٹ کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ٹک کر پاکستانی بالرز کا سامنا نہ کرسکا، مچل مارش 21، ڈارسی شارٹ 10 اور کولٹر نائل بنا کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔

اسی طرح اینڈریوٹائی نے 4 جبکہ   ایڈم زیمپا نے 9 رنز اسکور کیے۔ آسٹریلوی ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 117 کے مجموعی اسکور پر آل آوٹ ہوگئی۔

یہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں آسٹریلیا کا آٹھواں کم ترین اسکور تھا، کینگروزکا آٹھ میں سے چھہ بار کم ترین اسکور پر پاکستانی بالنگ لائن کے خلاف ہی آیا ہے۔

پہلی اننگ

اس سے قبل  تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیاتھا۔

پاکستان کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نئے اوپننگ پیئر بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو93 رنز کا زبردست آغاز فراہم کیا۔

قومی ٹیم کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب تیرہویں اوور میں فرحان، نیتھن لائن کی گیند پر 39 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہوئے۔ ٹیم کودوسرا جھٹکا اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لگا، سیریز کی دوسری ہاف سنچری بنانے والے بابر اعظم اینڈریو ٹائی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

محمد حفیظ اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کے لیے اسکورمیں تیزی سے میں 29 رنز کا اضافہ کیا، شعیب ملک 18 رنز بناکر ایڈم زیمپا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی اگلی دو وکٹیں بھی جلد ہی گر گئیں۔

مچل مارش نے نہایت سمجھداری سے بالنگ کرتے ہوئے آصف علی کو 4 اور فہیم اشرف کو بنا کھاتا کھولے ہی پولین لوٹا دیا۔ اس اوور میں انہوں نے صرف 6 رنز دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ پاکستان کا اسکور 19ویں اوور کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 تھا۔

اننگ کا آخری اوور اینڈریو ٹائی نے کیا جس میں انہوں نے صرف پانچ رنز دے کر میزبان ٹیم کو کا اسکور 150/5 رنز تک محدود رکھا۔

پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر بابر اعظم 50 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 39 اور محمد حفیظ نےناقابل شکست 32 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے مچل مارش ایک اوور میں 6 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر نمایا رہے، ان کے علاوہ نیتھن لائن، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔


متعلقہ خبریں