سیاسی جماعتوں کو متحد کرکے طاقت کا مظاہرہ کرینگے، فضل الرحمان

فائل فوٹو


لاہور: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کرکے طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے اجلاس میں کشمیریوں کےساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ہے۔

اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبروں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا پاکستان کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی طیارہ اترنا ایک سازش نظر آتا ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ حکومت یہودی لابی کا حصہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی تردید ناکافی ہے اور ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکومت ناموس رسالت قانون میں ترمیم لانا چاہتی تھی جس پر ہم نے اعتراض کیا اور اب اس ترمیم کو واپس لینے کا بل واپس لیے جانے کی قرارداد پیش کردی گئی ہے جو کہ تشویش ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات پرکوئی پیش رفت نہیں ہوئی، حکومت کی جانب سے صرف لولی پاپ دیا جارہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔


متعلقہ خبریں