عمران خان نے چندہ اکنامکس کا نیا لفظ ایجاد کیا ہے، فیصل کنڈی


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے سامنے قرضے کے حوالے سے بہت باتیں کی تھیں لیکن اب ان کا عمل تمام باتوں کے برعکس ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم کن شرائط پر بیرون ملک سے قرضہ لے کر آئے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا  کہ عمران خان نے اکنامکس میں “چندہ اکنامکس” کا نیا لفظ ایجاد کر دیا ہے۔ ملک چندے سے نہیں بلکہ سرمایہ کاری سے چلتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت میں بہت سے نیب زدہ لوگ بیٹھے ہیں، احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف اپوزیشن کا نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ آج وہ لوگ طعنے دے رہے ہیں جنہوں نے ملک میں سب مسائل پیدا کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت پر آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے حوالے سے تنقید کی جا رہی تھی اور اب جب ہم جانے کی بات کر رہے ہیں تب بھی تنقید کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت قوم کو کسی مشکل میں ڈال کر قرضہ نہیں لائے گی۔ ہمیں قرضے کی ضرورت ہے تو قرض دینے والوں کو بھی ہماری ضرورت ہے۔ پیر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں وہ تمام باتیں کی جائیں گی جو عوام کو پتا ہونی چاہئیں۔

صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ (ن) لیگ کی قیادت جیل میں ہے جبکہ پیپلزپارٹی  کے رہنماؤں پر بھی مقدمات کا دباؤ ہے اس لیے یہ لوگ اتنا شور مچا رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد خان نے کہا کہ ہر قرضہ کسی نہ کسی شرط پر ہی ملتا ہے۔ تحریک انصاف کا پورا نظریہ ہی بدل چکا ہے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو سعودی عرب جانے سے پہلے ایک مشترکہ اجلاس کر کے جانا چاہیے تھا۔ یہ لوگ اسی طرح حکومت کریں گے جیسے پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے کی۔

ملک محمد خان نے کہا کہ دلیل ایسی ہونی چاہیئے جو انسانی ذہن کو متاثر کر سکے، حکومت تو بے بنیاد باتیں کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں