عدالت نے بیٹی کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی

فوٹو: فائل


لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی احتساب عدالت نے جمعرات کے روز سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بیٹی کو ان سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اس وقت جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو کی تحویل میں ہیں۔ نیب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کر رہی ہے۔

شہباز شریف کی بیٹی خدیجہ نے والد سے ملاقات کی اجازت کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے خدیجہ کی درخواست منظور کرکے والد سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

گزشتہ اتوار کو شہباز شریف کے اہل خانہ بشمول بیٹا سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور شہباز شریف کی دونوں بہنوں نے پوتے، پوتیوں کے ساتھ نیب آفس میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھیں۔

 اہل خانہ اور خابدان کے دوسرے افراد نے شہباز شریف سے سوا گھنٹہ ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیب میں عام وزٹرز والے لاؤنج کی بجائے شریف خاندان کی ملاقات خصوصی کمرے میں کرائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں