حکومت اپنے سو دن پورے کرے، رانا افضل


اسلام آباد: رانا افضل نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے سو دن پورے کرے لیکن اب ان کو اپنی کارکردگی بہتر کرلینی چاہیے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے بہت جھوٹ بولے، اب عوام کو بھی سب نظرآ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو بھی اقدم کرے گی وہ ملکی مفاد کو مد نظر رکھ کر لیے جائیں گے۔ اگر حکومت کوئی بل پاس نہ کرا سکی تو پھر ان کا کیا فائدہ؟

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت اگر ہمیں مجبور کرے گی تو اپوزیشن جماعتیں ان کے خلاف اکھٹی ہوجائیں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کریم خواجہ نے کہا کہ نمبرگیم کسی وقت بھی بدل سکتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ویسے بھی ایم کیو ایم کے  تین چار ووٹوں کی وجہ سے نمبر گیم میں آگے ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکومت کو صرف اپنی غلط پالیسیوں سے خطرہ ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جتنی مضبوط ہوگی اور ملکی مفاد کے لیے کام کرے گی تو یہ چیز حکومت کے حق میں جائے گی۔ حکومت تو چاہتی ہے کہ یہ لوگ احتساب کے لیے ساتھ مل کر کام کریں۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ اس وقت ایسی پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے جس سے غریب بھی امیر ہو، حکومت پالیسیاں بنا رہی ہے اور اپنی کارکردگی سے بالکل مطمئن ہے۔

وزیراعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بہت سیدھے چلنے والے ہیں، کبھی کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ حکوت کو اپنی غلطیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر جو بھی مقدمات بنے وہ ماضی میں بنے، حکومت کسی ادارے پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتی نہ ہی ڈالتی ہے۔


متعلقہ خبریں