ضمنی انتخابات: لیگی اراکین کا حلف اٹھانے سے انکار


لاہور: ضمنی انتخابات میں کامیاب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ہے جبکہ کامیاب لیگی اراکین نے حلف برداری سے انکارکردیا ہے۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے تین نئے اراکین میں بلال اصغر، قاسم خان اور فواز احمد شامل ہیں جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں احتجاجاً  اپنے نومنتخب اراکین سے حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ عمران  نذیر کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے چھ معطل اراکین کو بحال نہیں کیا جاتا تب تک نہ ایوان میں جائیں گے اور نہ ہی ہمارے نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے ملک بھر میں 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی گیارہ نشستوں پرمقابلہ ہوا تھا جن میں سے چھ  پر ن لیگ، تین  پر تحریک انصاف اور دو پرآزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

جہلم میں وفاقی وزیراطلاعات فواد حسین چوہدری کی چھوڑی ہوئی صوبائی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ ن نے جیت اپنے نام کی جبکہ جہلم کے حلقہ پی پی 27 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ناصر محمود نے فتح حاصل کی اور تحریک انصاف کے امیدوار شاہ نواز راجا دوسرے نمبر پر رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے آبائی ضلع  ڈیرہ غازی خان میں بھی تحریک انصاف اپنی جیتی ہوئی نشست ہار گئی تھی جبکہ لاہور سے شہباز شریف کی چھوڑی ہوئی دونوں نشستیں مسلم لیگ ن نے دوبارہ جیت لی تھیں۔


متعلقہ خبریں