پی سی بی نے سزا کے خلاف ناصر جمشید کی اپیل مسترد کر دی


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے قومی ٹیم کے کھلاڑی ناصر جمشید کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی سی بی نے سابق اوپنر بلے باز پر 10 سال کی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ٹو) کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے جانے کے الزام میں ناصر جمشید پر دس سال کی پابندی لگائی گئی تھی، سزا  پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے سنائی تھی۔

فیصلے کے مطابق کرکٹر پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا تھا لیکن ان پر دس سال تک کرکٹ سے متعلق معاملات میں کسی قسم کا کردار ادا کرنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

اسپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی ملزم  ناصر جمشید نے اس سے قبل سزا معطلی کی اپیل دائر کی تھی، اس ضمن میں انہوں نے اسکائپ کے ذریعے اپنا بیان ٹربیونل میں ریکارڈ کرایا تھا۔

ناصر جمشید نے موقف اختیار کیا کہ ان کا کرکٹ بیٹس کی خرید وفروخت کا کاروبار ہے جس وجہ سے ان کے کھلاڑیوں سے روابط  تھے تاہم وہ اپنے کاروبار سے متعلق کوئی دستاویز پیش کرنے میں ناکام  رہے۔

2017 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ کیس نے پاکستان کرکٹ کی بڑا جھٹکا دیا تھا، معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ناصر جمشید، شرجیل خان، خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور محمد عرفان کو فوری طور ٹورنامنٹ سے باہر کر کے تحقیقات کا  آغاز کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں