کراچی میں بزرگ شہری بھی موٹر سائیکل چوری میں ملوث

بزرگ بھی موٹر سائیکل لفٹر کے جرم میں ملوث|humnews.pk

کراچی: بچوں اور نوجوانوں کے بعد بزرگ بھی جرائم میں ملوث ہونے لگے۔ فیروز آباد پولیس نے ادھیڑعمر موٹر سائیکل لفٹر کو شارع فیصل سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار ملزم کی  نشاندہی پر چوری شدہ 22 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

ایس پی شمائل ریاض نے بتایا کہ ملزم یوسف کی عمر 55 سے 60 سال کے درمیان ہے۔ ملزم چھے سے آٹھ ہزار روپے کی ایک موٹرسائیکل فروخت کرتے تھے۔ ایس پی کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے سو سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر کے فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے بزرگ شخص وارداتوں کی سینچری مکمل کرچکے ہیں۔ ملزم اندرون سندھ میں موٹر سائیکلیں فروخت کرتا تھا جبکہ ایس پی جمشید کا دعویٰ تھا کہ گرفتار کیے گئے ملزم آٹھ مرتبہ جیل بھی جا چکے ہیں۔

اس سے قبل کراچی میں موٹرسائیکل لفٹرز میں کم عمر لڑکوں اور بچوں کے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔ موٹر سائیکل لفٹرز ان بچوں سے وارداتیں کرا رہے تھے۔

اس سلسلے میں 15 سالہ ملزم کو گرفتار کیا گیا جس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ ایک موٹر سائیکل چوری کرکے استاد کو دیتا تھا  تواسے ایک ہزار روپے ملتے تھے۔


متعلقہ خبریں