دوسری مرتبہ مینڈیٹ چوری ہونے نہیں دینگے، سعد رفیق

فوٹو: فائل


لاہور: این اے 124 سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس مرتبہ 25 جولائی کے عام انتخابات کی طرح مینڈیٹ چوری ہونے نہیں دیں گے۔

ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 12 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول نہیں ہوئے

سعد رفیق نے کہا کہ اگر اس بار مسائل کھڑے کئے گئے تو اس کے خوفناک نتائج ہوں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی گڑ بڑ ہوئی تو الیکشن کمیشن ذمہ دار ہو گا، ہر روز لوگوں کے مینڈیٹ کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ لاہور کے حلقے این اے 124 میں ن لیگ کے سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر کے درمیان مقابلہ جاری ہے جہاں سابق وزیر ریلوے کو برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب سینیٹر آصف کرمانی نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ آر ٹی ایس سسٹم ایک مرتبہ پھر بیٹھ گیا ہے، مسلم لیگ ( ن) کی کامیابی کو جُھرلو  کی نذر نہیں ہونے دیں گے-

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں واضح مارجن سے جیت رہے ہیں-

الیکشن کمیشن کا نوٹس

ادھر الیکشن کمیشن نے سعد رفیق کے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کسی امیدوار کی الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایک اعلامیے میں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر این اے 131 تمام ایجنٹوں اور امیدواروں کی موجودگی میں تنائج کی تکمیل کا کام کررہا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی امیدوار کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ الیکشن کمیشن کے آئینی حق میں مداخلت کرے۔


متعلقہ خبریں