حکومت نہیں چلتی تو واپس کردیں، ن لیگ کی پیشکش


 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 25 جولائی سے پہلے مریم نواز کو سزا دے کر ایک پیغام دینے کی کوشش دی گئی۔ ان کا الزام تھا کہ یہ کوشش بھی ہوئی کہ ان کی ضمانت بھی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح لوگوں کی رائے متاثر کرنے کی کوشش ہوئی۔

وہ ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں بات چیت کررہے تھے۔ پروگرام کے میزبان ندیم ملک سے انہوں نے کہا کہ اب بھی ایسا ہی ہوا ہے کہ ضمنی الیکشن سے کچھ دن پہلے پارٹی لیڈر کوعجیب الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس کا مقصد بھی لوگوں کی رائے کو متاثر کرنا ہے۔

پنجاب کے سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ  نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت نے ماضی سے کوئی سبق نہین سیکھا جب کہ ہم نے ماضی سے سبق سیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جو دوسروں کو جیلوں میں بھیجتے تھے، دو سال بعد وہ خود جیل میں ہوتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب  دو سال کا عرصہ بدلتا نظر آ رہا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے اطلاع آئی کہ سعودی عرب دس ارب دے رہا ہے مگر اس کی چھٹی ہوگئی، پھر کہا گیا کہ تیل مانگا گیا ہے لیکن وہ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کرپشن کی مگردوسری طرف اسی چین سے سرمایہ کاری کا بھی کہہ رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ ملک کو غلط طرف لے کر جا رہے ہیں، عوام کو اس کی آگاہی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو ڈیفالٹ کی جانب لے کر جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو وقت دینے کے لیے تیار تھے اورسوچا تھا کہ ان پر تنقید نہیں کریں گے مگر انہوں نے کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔

پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محرکات وہی ہیں جو عمران خان خود اپنی زبان سے کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جنت کے خواب دکھا کر مہنگائی کے جہنم میں دھکیلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت مشکل سے ملک کو چلایا، لوگ ہمارے ملک کی مثالیں دینا شروع ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی ختم کی اوربہت سے دیگرکام بھی کیے لیکن انہوں نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بخوبی واقف ہے کہ اس کی ایک یونین کونسل چلانے کی بھی طاقت نہیں ہے لیکن بد قسمتی ہے انہیں ملک چلانے کے لیے دے دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری عوام ہمارے انتظار میں ہے اور ن لیگ کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہماری پہلا قدم پر امن احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے الزام عائد کیا کہ خواجہ سعد رفیق کوڈریا دھمکایا جارہا ہے لیکن وہ یہ بھول رہے ہیں کہ ووٹ لوگوں کا ہوتا ہے خواجہ سعد رفیق کا نہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کل ریاست نے کہا کہ جو ان کی بات مانے گا وہ افسر رہے گا اور جو نہیں مانے گا  وہ گھر چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں پر مہنگائی کا بم پھینکا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اگران سے حکومت نہیں چلتی تو واپس کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو حکومت چلانی نہیں آتی ہے مگر ہمیں آتی ہے۔

’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ گرفتار اس آدمی کو کیا جاتا ہے جو تفتیش میں تعاون نہ کرے اوریا یہ کہ وہ پیش نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف تفتیش میں پورا تعاون کررہے تھے۔

سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو شہباز شریف کے ساتھ کیا ہے اس کے بعد اب کوئی لیڈر کام نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا مگر جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہ بہت افسوسناک ہے۔

سردار ایاز صادق نے الزام لگایا کہ اس طرح کی چیزیں پاکستان کو جام کرنے کے مترادف ہیں۔ حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کیسی کیسی باتیں کی تھیں مگار اب دیکھ لیں کہ کیا کررہے ہیں؟ ممتاز سیاستدان کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تک کنٹینر کی سیاست سے باہر نہیں آ رہی ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کرکٹ عمران خان بھی کھیلتے تھے اورمیں بھی کھیلتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف وکٹوں کو ٹارگٹ کرنا ہے یہ لوگ خود ہی ہار جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمارا کام ملک بچانا ہے تاکہ حکومتی غلطیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان نہ ہو۔


متعلقہ خبریں