بولوں گا لیکن ابھی نہیں، نواز شریف نے خاموشی توڑنے کی مہلت لے لی



اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی دیانت داری پر کسی کو انگلی نہیں اٹھانے دی، انہوں نے محنت اور جاں فشانی سے کام کیا لیکن حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ابھی کسی اور کیفیت میں ہوں، ابھی میرا بات کرنے کا دل نہیں کرتا، میں بولوں گا لیکن ابھی نہیں۔

شہباز شریف سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے میری ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے صبح دیکھی نہ شام، دن رات کام کیا اور خود کو کینسر کے مرض میں مبتلا کر لیا۔ شہباز شریف نے محنت اور لگن سے قوم کی خدمت کی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے درگزر کی اچھی روایات ڈالی تھیں، ہماری حکومت نے کوئی سیاسی یا انتقامی کارروائی نہیں کی۔

ڈالر کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ نیب سمیت مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پا کر اڈیالہ جیل میں قید کی سزا بھگتنے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی کے فیصلہ کے بعد نواز شریف نے گزشتہ روز پہلی بار کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لیا تھا۔

انہوں نے لاہور میں ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں موجودہ صورتحال میں ممکنہ حکمت عملیوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں